پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ سامنے آگئی، الیکشن کمیشن کا اصولی اتفاق

اسلام آباد: پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران کرانے کی تجویز دے دی، جس پر الیکشن کمیشن نے تجویز کردہ مدت میں انتخابات کرانے پر اصولی اتفاق کرلیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں پنجاب حکومت کی جانب سے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران انتخابات کرانے کی تجویز پیش کی گئی۔

اجلاس میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سیکیورٹی اور بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے انتخابات مرحلہ وار کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دسمبر اور جنوری میں انتخابات کرانے کی صورت میں طلبہ کے امتحانات مکمل ہوچکے ہوں گے، دھند بھی نسبتاً کم ہوگی جبکہ انتخابات کے لیے تدریسی عملہ بھی دستیاب ہوسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں : صوابی میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی ریلا، سابق صوبیدار بہہ گیا

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ کمیشن نے مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کا پلان جلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کمیٹی کی تجاویز کو سراہتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کو آئینی ذمہ داری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی تجویز کردہ مدت میں انتخابات کرانے پر اصولی اتفاق کرتے ہوئے آئندہ کے انتظامات اور مرحلہ وار انتخابات کا پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

Scroll to Top