اگلے 24 گھنٹے اہم، محکمہ موسمیات نے بارشوں سے متعلق بڑا الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج رات اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

تازہ فلڈ بلیٹن کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، خوشاب، نارووال، سیالکوٹ، سرگودھا اور بھکر میں بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، کرک، خیبر، کوہاٹ، کرم، لکی مروت، نوشہرہ، اورکزئی، پشاور، وزیرستان اور ٹانک میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک متوقع ہے۔

ایبٹ آباد، باجوڑ، بٹگرام، بونیر، چارسدہ، کوہستان، دیر، ملاکنڈ، مانسہرہ، مردان، مہمند، شانگلہ، صوابی، سوات اور تورغر میں بھی کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے لاہور، فیصل آباد، قصور، لیہ، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ڈیرہ غازی خان سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، برینٹ 94 ڈالر سے تجاوز کرگیا

بلوچستان کے بارکھان، ڈکی، ہرنائی، کچھی، قلات، خضدار، کوہلو، لورالائی، موسیٰ خیل، شیرانی، سبی اور ژوب میں بھی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے داریل، دیامر، غذر، گلگت، گوپس، ہنزہ، نگر اور تانگیر میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ نمایاں رہے گا، جبکہ بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 24 اگست کے بعد بارشوں کے موجودہ سلسلے میں کمی آنے کا امکان ہے۔

محکمے نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو موسلادھار بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے افراد کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

Scroll to Top