کھیوڑہ: سوشل میڈیا پر ہونے والی دوستی محبت میں بدل گئی، امریکی خاتون روزانا مرینا پاکستان پہنچ گئیں اور کھیوڑہ کے شہری عادل شہزاد سے شادی کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی خاتون روزانا مرینا اور عادل شہزاد کی دوستی تقریباً تین سال قبل فیس بک کے ذریعے ہوئی تھی، جو وقت کے ساتھ محبت میں تبدیل ہوگئی۔ دونوں نے باہمی رضامندی سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
عادل شہزاد کے مطابق ابتدا میں دونوں کے درمیان سوشل میڈیا پر رابطہ ہوا، بعد ازاں دوستی مضبوط ہوتی گئی اور یہ تعلق ایک سنجیدہ رشتے میں تبدیل ہوگیا، جس کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔
امریکی خاتون روزانا مرینا نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مرضی اور خوشی سے پاکستان آئی ہیں اور انہوں نے اپنی رضامندی سے عادل شہزاد سے شادی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، برینٹ 94 ڈالر سے تجاوز کرگیا
رپورٹس کے مطابق روزانا مرینا نے اسلام قبول کرنے کے بعد عادل شہزاد سے نکاح کیا۔ تاہم دستیاب معلومات میں امریکی خاتون کی عمر 51 اور 58 سال جبکہ عادل شہزاد کی عمر 34 اور 35 سال بیان کی گئی ہے۔
شادی کے بعد امریکی خاتون کی پاکستان آمد، اسلام قبول کرنے اور پاکستانی نوجوان سے نکاح کی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے اور آرا سامنے آرہی ہیں۔
روزانا مرینا شادی کے چند روز بعد واپس امریکا روانہ ہوں گی۔





