جنوبی وزیرستان میں کرفیو نافذ، متعدد راستے بند رہیں گے

نور علی وزیر
جنوبی وزیرستان لوئر: تحصیل وانا میں 25 اگست کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا، جس کے دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی جبکہ متعلقہ علاقوں کے تمام بازار اور مارکیٹس بھی بند رہیں گی۔

انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران وانا، تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی اور عزیز آباد چوک سے درگئی پل تک کے راستے بند رہیں گے۔ اسی طرح گل کچھ سے توئی خلہ اور وہاں سے تنائی جانے والے روٹ پر بھی داخلہ سختی سے ممنوع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کا 100 نوجوان زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو کے دوران صرف ہنگامی صورتحال میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے سفر کی اجازت دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے شناختی کارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی گاڑی 50 میٹر پہلے روک دی جائے اور گاڑی میں موجود تمام افراد نیچے اتر جائیں۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کی صورت میں اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ فرد پر عائد ہوگی، جبکہ شہریوں سے کرفیو کے دوران انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

Scroll to Top