خیبرپختونخوا میں ریسکیو 1122 کے 27 افسران کی ترقیاں، رینک لگانے کی تقریب

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر پشاور میں ترقی پانے والے 27 افسران اور اہلکاروں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکرٹری ریلیف سہیل خان اور ایڈیشنل سیکرٹری ریلیف ضیاء الرحمان نے بطور مہمانِ خاص شرکت کی۔

ہیڈکوارٹر آمد پر چاق و چوبند دستے نے مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا جس کے بعد سیکرٹری ریلیف سہیل خان اور ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو رینک بیجز لگائے۔

محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی کے فیصلوں کے تحت باقاعدہ ترقیاں پانے والوں میں ایک پروکیورمنٹ آفیسر کو ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ (گریڈ 18)، 7 ایمرجنسی افسران کو ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر (گریڈ 18) اور 19 اسٹیشن ہاؤس انچارجز کو ایمرجنسی آفیسر (گریڈ 17) کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ریلیف سہیل خان نے مبارکباد پیش کی اور ریسکیو اہلکاروں کی مشکلات کے باوجود عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ شعبے میں میرٹ، سینئرٹی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور اعلیٰ تعلیم و پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنے والے اہلکاروں کے لیے فاسٹ ٹریک پروموشن کا طریقہ کار بھی تشکیل دیا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر حالیہ تمام بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت پر کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان سے بہن نورین نیازی کی ملاقات

انہوں نے کہا کہ اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر عوام کی خدمت کرنے والے اہلکاروں کی ویلفیئر اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رہیں گے اور تمام افسران کو مزید لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔

Scroll to Top