پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے خواتین کو سفری سہولیات فراہم کرنے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے ای وی بائیکس اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کی صوبائی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ای وی بائیکس اسکیم سمیت مختلف اہم امور کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکیم کے تحت کالجوں اور یونیورسٹیوں کی طالبات کے ساتھ ملازمت پیشہ خواتین کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اسکیم کا پہلا مرحلہ جلد شروع کیا جائے گا اور بائیکس کی تقسیم مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوگی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ای وی بائیکس کے بعد صوبائی حکومت الیکٹرک رکشوں کی اسکیم بھی متعارف کرائے گی۔ ان کے مطابق ماحول دوست گاڑیوں کا فروغ صوبے میں صاف اور سرسبز ماحول کے قیام کی جانب اہم قدم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی آیت نور کے گھر آمد، اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت
صوبائی وزیر اطلاعات، سائنس و ٹیکنالوجی شفیع جان نے کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے متعلق بتایا کہ ضلع چارسدہ میں عمر زئی کے نام سے نئی تحصیل قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
کابینہ نے صوبے کی انتظامی اکائیوں میں مستقبل میں تبدیلیوں کے لیے معیار وضع کرنے کی غرض سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی میں بورڈ آف ریونیو، لوکل گورنمنٹ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور فنانس محکمے شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی ڈویژن، سب ڈویژن، تحصیل اور سب تحصیل سمیت دیگر انتظامی اکائیوں سے متعلق مستقبل کی تبدیلیوں کے لیے معیار طے کرے گی۔
اجلاس میں 2027 سے ایم ڈی کیٹ امتحان ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلوایشن ایجنسی (ایٹا) کے ذریعے منعقد کرانے کی حتمی منظوری بھی دے دی گئی۔ اس حوالے سے تکنیکی اور قانونی امور کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔
صوبائی کابینہ نے عدالتی افسران کے لیے ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن پالیسی کی منظوری دی، جبکہ صوبائی اسمبلی کی مشترکہ قرارداد نمبر 240 وفاقی حکومت کو ارسال کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی۔
سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے کابینہ نے ایک ارب روپے کی منظوری دی ہے، جس میں 50 کروڑ روپے چترال کے اضلاع کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس کی سفارشات منظور، تنخواہوں میں 250 فیصد اضافے کی تجویز
کابینہ نے وانا کے شہید مولانا مرزا جان کے معاوضے میں خصوصی کیس کے طور پر اضافہ کرتے ہوئے اسے ایک کروڑ روپے تک کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
دوسری جانب پشاور بی آر ٹی کے لیے مزید 54 بسوں کی خریداری کے سلسلے میں کسٹمز ڈیوٹی، ٹیکسز اور درآمدی اخراجات کی ادائیگی کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی۔
خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے باقی ماندہ تعمیراتی کام کی تکمیل کے لیے برج فنانسنگ کی بھی منظوری دے دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں ویکسین پروگرام کے تحت ہیکسا ویلنٹ ویکسین، پی سی وی-14، ڈی پی ٹی بوسٹر ڈوز اور ہیپاٹائٹس بی برتھ ڈوز سے متعلق اقدامات کی صوبائی منظوری بھی دی گئی۔
حکومت کے مطابق اس تبدیلی سے متعدد ویکسین اجزا کو ایک ہی ویکسین میں شامل کرنے کی راہ ہموار ہوگی، جس سے مالی اخراجات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔





