شہزاد نوید
سوات: دشوار گزار فلک سر پہاڑ پر تقریباً 5 ہزار میٹر کی بلندی پر ڈیڑھ ماہ سے موجود تحصیل خوازہ خیلہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما میاں سید علی شاہ کی میت کی ریکوری کے لیے باقاعدہ ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق میاں سید علی شاہ کی میت کی موجودگی کی تصدیق 5 نوجوانوں نے ڈرون کیمرے کے ذریعے کی، جس کے بعد میت کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ طریقے سے نیچے منتقل کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فلک سر کی چوٹی انتہائی دشوار گزار ہونے کے باعث ریسکیو ٹیم کو آپریشن کے دوران مشکلات کا سامنا ہے، تاہم اہلِ خانہ اور مقامی افراد نے امید ظاہر کی ہے کہ میاں سید علی شاہ کی میت کو جلد بحفاظت نیچے لایا جائے گا۔
ریسکیو آپریشن کی قیادت 6 بریگیڈ کے بریگیڈیئر عامر احمد کر رہے ہیں، جو آپریشن کی کمانڈ کے لیے کالام پہنچ چکے ہیں۔ کالام پہنچنے پر اے اے سی بحرین جنید اسماعیل، ڈی ایس پی سرکل مدین جانزیب خان، ایس ایچ او کالام اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق میت کی ریکوری کے لیے آئی جی ایف سی کی جانب سے ہیلی کاپٹر بھجوایا گیا ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن کی نگرانی اور کمانڈ بریگیڈیئر عامر احمد کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایم این اے ڈاکٹر امجد علی خان نے کہا ہے کہ معروف کوہ پیما سید علی شاہ کی میت کو فلک سر کی ’’منی کے ٹو‘‘ چوٹی سے ریکور کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر آپریشن کی منظوری دلوائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملاکنڈ سوات موٹر وے پر فلائنگ کوچ اور ڈمپر میں خوفناک تصادم، 4 جاں بحق، 7 زخمی
ڈاکٹر امجد علی خان کے مطابق سید علی شاہ کی جسدِ خاکی کی لوکیشن کی تصدیق ڈرون سرچ کے ذریعے کی گئی، جس کے بعد بلندی سے میت کو نیچے لانے کے لیے ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن کی خصوصی منظوری حاصل کی گئی۔
ایم این اے ڈاکٹر امجد علی خان کا کہنا تھا کہ کوہ پیما کے لواحقین اور سوات کے عوام کے پرزور مطالبے پر اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا گیا اور مشکل ریسکیو مشن کی فوری منظوری کو یقینی بنایا گیا۔
اس موقع پر صدر کالام ہوٹل ایسوسی ایشن ڈاکٹر ودود نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے اور انہیں کبھی اکیلا نہیں چھوڑتی۔
ڈاکٹر ودود نے سید علی شاہ کی میت کی ریکوری کے لیے جاری ریسکیو آپریشن پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کو سلام پیش کیا۔
میاں سید علی شاہ کی میت کی بحفاظت ریکوری اور آپریشن میں شامل اہلکاروں کی سلامتی کے لیے عوام سے خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی گئی ہے۔





