بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، اسے سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ایس سی او ایک اہم پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتی ہے جبکہ تنظیم کے قیام کو 25 سال مکمل ہونا ایک اہم سنگ میل ہے۔ پاکستان ایس سی او کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے۔
براہِ راست:وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں خطاب https://t.co/USDnbgQ6w6
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) September 1, 2026
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی منظرنامہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی کا شکار ہے، ایسے میں ایس سی او مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے اجتماعی عزم کی علامت ہے۔ پاکستان تنازعات کے پرامن حل اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی بحران کے دوران امن کے لیے مؤثر کردار ادا کیا اور پاکستانی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
ان کے مطابق یہ مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور پاکستان پائیدار علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او سربراہانِ مملکت کونسل کی صدارت سنبھالے گا
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا پائیدار امن کے بغیر اپنی مکمل صلاحیت حاصل نہیں کرسکتا۔
پانی کو خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت قرار دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پانی کو سیاسی مقاصد یا دباؤ کے لیے استعمال کرنا قابل قبول نہیں۔
فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں جاری انسانی المیہ ناقابل تصور مصائب کا سبب بن رہا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام کیا جائے۔





