صوابی کے سرکاری سکول میں بارش کا پانی جمع، تعلیمی سرگرمیاں متاثر، طلبہ کو چھٹی

Pakistan SCO Summit 2026

استخار احمد یوسفزئی

صوابی: شہر اور گردونواح میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر 3 میں بارش کا پانی جمع ہوگیا، جس کے بعد اسکول میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق شدید بارش کے دوران نہ صرف اسکول کے صحن بلکہ مختلف کمروں میں بھی پانی داخل ہوجاتا ہے، جس سے طلبہ اور اساتذہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

پانی کی مسلسل موجودگی کے باعث اسکول کی عمارت کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسکول میں بارش کے پانی کی نکاسی کا مؤثر انتظام موجود نہیں، جس کے باعث معمولی بارش کے بعد بھی پانی جمع ہوجاتا ہے اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : صوابی: شیوہ میں مکان کی چھت گرنے سے14 سالہ نوجوان جاں بحق، 1 زخمی

پانی جمع ہونے کی صورتحال کے باعث اساتذہ کو مجبوری کے تحت طلبہ کو چھٹی دینا پڑی، تاکہ بچوں کو کسی ممکنہ نقصان یا مشکل صورتحال سے محفوظ رکھا جاسکے۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق نکاسی آب کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ درخواستیں بھی دی جاچکی ہیں، تاہم تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

اسکول انتظامیہ اور والدین نے خیبر پختونخوا حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسکول میں نکاسی آب کا مناسب انتظام کیا جائے، تاکہ طلبہ کی تعلیم مزید متاثر نہ ہو اور بارش کے پانی سے اسکول کی عمارت کو ممکنہ نقصان سے بھی محفوظ رکھا جاسکے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top