سوات: محکمہ موسمیات اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی وارننگ کے بعد ضلعی انتظامیہ سوات نے ممکنہ شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ابتدائی وارننگ الرٹ جاری کردیا ہے، جس کی نوعیت ’ہائی‘ رکھی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق 2 سے 5 ستمبر 2026 کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، بشمول سوات، دیر بالا، دیر پائین، بونیر، شانگلہ، ملاکنڈ اور کوہستان میں شدید گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
اعلامیے کے مطابق بلند درجہ حرارت، گلیشیئرز اور برف کے پگھلاؤ جبکہ مون سون بارشوں کے مشترکہ اثرات کے باعث یکم سے 4 ستمبر کے دوران بالائی وادیوں کالام، اتروڑ، گبرال، بحرین، مدین، خوازہ خیلہ، مٹہ اور ملحقہ علاقوں کے ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ہے۔
انتظامیہ نے گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے، جسے GLOF کہا جاتا ہے، کے ممکنہ خطرے سے بھی آگاہ کیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ممکنہ بارشوں کے دوران اچانک سیلاب، دریائے سوات اور اس کے معاون نالوں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے بہاؤ اور سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صوابی کے سرکاری سکول میں بارش کا پانی جمع، تعلیمی سرگرمیاں متاثر، طلبہ کو چھٹی
کمزور نکاسی آب والے علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہری سیلاب کی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف، ضلعی انتظامیہ سوات نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور گزرگاہوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور خراب موسم کے دوران پہاڑی علاقوں کا غیر ضروری سفر مؤخر کردیں۔
سیاحوں کو خصوصی طور پر دریا کے کنارے کیمپنگ اور قیام سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مال مویشی اور قیمتی سامان محفوظ مقامات پر منتقل کردیں۔
ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو 1122، متعلقہ محکموں اور دستیاب مشینری کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری کارروائی کی جاسکے۔





