اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی ہاکی چیمپئن شپ کی انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کے انعامات دینے کا اعلان کردیا۔
پی ایچ ایف کے مطابق قومی چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے لیے مالی مراعات میں بڑا اضافہ کیا گیا ہے اور اب انہیں لاکھوں روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
اس سے قبل قومی مقابلوں میں کھلاڑیوں کو عموماً ڈیلی الاؤنس اور رہائش کی سہولت فراہم کی جاتی تھی، تاہم اس مرتبہ مالی مراعات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
قومی سینئر، جونیئر اور انڈر 15 ہاکی چیمپئن شپ آئندہ سال جنوری میں منعقد کی جائے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں قومی کھیل کے فروغ، نچلی سطح پر باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور قومی ٹیم کے لیے مضبوط ٹیلنٹ پول تیار کرنے کے مقصد سے قومی ہاکی چیمپئن شپ اور صوبائی کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔
پی ایچ ایف نے تمام صوبائی اسپورٹس سیکریٹریز، علاقائی ہاکی ایسوسی ایشنز اور انتظامی علاقوں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے کوالیفائنگ ٹورنامنٹس 31 دسمبر تک لازمی مکمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں : گوگل میں کام کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری
فیڈریشن کے مطابق کوالیفائنگ مرحلہ مکمل کرنے والی ٹیمیں جنوری میں شروع ہونے والی قومی چیمپئن شپ میں شرکت کی اہل ہوں گی۔
انڈر 15 اسکول چیمپئن شپ میں ہر صوبے سے چار، جبکہ علاقائی حکومتوں کی جانب سے دو ٹیمیں حصہ لیں گی۔
انڈر 18 چیمپئن شپ کے لیے ہر صوبے سے دو اور علاقائی حکومتوں سے ایک ٹیم شامل کی جائے گی۔
خواتین کی قومی چیمپئن شپ میں بھی ہر صوبے سے دو جبکہ علاقائی حکومتوں سے ایک ٹیم شرکت کرے گی۔
قومی مردانہ چیمپئن شپ میں منتخب صوبائی اور محکمہ جاتی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔
پی ایچ ایف کے مطابق ان مقابلوں کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں اور صوبائی سطح پر نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا اور انہیں قومی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس عمل کے ذریعے قومی ہاکی ٹیم کے لیے مستقبل کے بہترین کھلاڑیوں کی تلاش اور ایک مضبوط ٹیلنٹ پول تیار کرنے میں مدد ملے گی۔





