سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھرپورکارروئیاں کرتے ہوئے گزشتہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستانی پراکسیز فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کیں۔
ضلع مستونگ میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی نشاندہی پر کی گئی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے اسلحے کا ذخیرہ اور دھماکہ خیز مواد موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے 4 ٹھکانوں کی نشاندہی کر کے آپریشن کیا جہاں شدید فائرنگ کے بعد 26 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
اس کے علاوہ قلات میں ایک اور کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر 2 بھارتی سرپرست دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں مقامی آبادی کے تعاون سے سیکیورٹی فورسز نے پولیس سٹیشن پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گردوں کو مار گرایا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں مجموعی طور پر 48 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : اگر ملاکنڈ الگ صوبہ بنتا ہے تو کون وزیراعلیٰ ہونا چاہیے؟ دیر بالا کے عوام نے بتا دیا
علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے منظور شدہ “عزمِ استحکام” کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔





