جنوبی وزیرستان: ضلعی انتظامیہ نے جنوبی وزیرستان لوئر اور اپر کے مختلف علاقوں میں 5 ستمبر 2026 کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے منتخب علاقوں، وانا بازار، وانا بائی پاس اور دیگر اہم راستوں پر کرفیو کے دوران ہر قسم کی آمدورفت اور نقل و حرکت پر پابندی عائد ہوگی۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سرویکئی اور سراروغہ میں بھی کرفیو نافذ رہے گا۔ کرفیو کے دوران ان علاقوں کے تمام بازار اور مارکیٹس بھی بند رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران صرف منظور شدہ ہنگامی نقل و حرکت کی اجازت ہوگی، تاہم اس کے لیے پولیس یا سکیورٹی فورسز سے اجازت لینا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں پولیس مقابلہ، سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ہلاک
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ناگزیر ہنگامی سفر کی صورت میں اپنے شناختی کارڈ اور گاڑی کے ضروری کاغذات لازمی طور پر ہمراہ رکھیں۔
مزید برآں، سکیورٹی فورسز کی موجودگی میں شہریوں کو گاڑیاں مقررہ فاصلے پر روکنے اور سکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات پر مکمل عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کی صورت میں اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ فرد پر عائد ہوگی۔





