ملک بھر میں آج یومِ پاک بحریہ روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد 1965 کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
ستمبر کی جنگ کے دوران پاک بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور شجاعت کا لوہا منواتے ہوئے سمندری حدود کے دفاع کے ساتھ ساتھ دشمن کے اندر گھس کر اہم ترین کارروائیاں انجام دیں۔
اس سلسلے میں “آپریشن دوارکا” کو پاک بحریہ کی عسکری تاریخ میں ایک منفرد اور کلیدی اہمیت حاصل ہے۔
کراچی سے تقریباً 350 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دوارکا کو اس وقت بھارت کے ایک اہم دفاعی قلعے کی حیثیت حاصل تھی، جہاں قائم ریڈار اسٹیشن کے ذریعے بھارتی فضائیہ کو مسلسل مدد فراہم کی جا رہی تھی۔
اس اسٹریٹجک خطرے سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ نے اس ریڈار اسٹیشن کو تباہ کرنے کا زبردست منصوبہ تیار کیا۔
اس تاریخی آپریشن کے دوران پاک بحریہ کے سات جنگی جہازوں پر مشتمل بیڑے نے ریڈیو سگنلز کا استعمال کیے بغیر انتہائی خاموشی اور تیزی سے دشمن کے علاقے کی طرف پیش قدمی کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا یومِ پاک بحریہ پر پیغام: پاک بحریہ سمندروں کی مضبوط اور جدید ترین محافظ قوت ہے، وزیراعظم شہباز شریف
بحری فوج نے حیرت انگیز جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض چند منٹ کے اندر اندر بھارتی ریڈار اسٹیشن کو مکمل طور پر خاک نشین کر دیا اور دشمن کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔





