ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور نہ ہی دباؤ یا دھمکیوں کے ذریعے ایران کو جھکنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مسعود پزشکیان نے امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا میں ہمت ہے تو ایرانی فوج کا سامنا کرے، شہری بنیادی ڈھانچے، خوراک اور لوگوں کے روزگار کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟
ایرانی صدر نے کہا کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بجائے امریکی فوج کو ایرانی فوج کا سامنا کرنا چاہیے۔ انہوں نے بنیادی ضروریات تک عوام کی رسائی محدود کیے جانے پر بھی سوال اٹھایا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ اگر امریکا واقعی انسانیت پر یقین رکھتا ہے تو لوگوں کو پانی، خوراک اور ادویات جیسی بنیادی ضروریات سے محروم کیوں کیا جا رہا ہے؟
یہ بھی پڑھیں: ایران ہمارے ساتھ ڈیل کرنے کے لیے بے تاب ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
انہوں نے واضح کیا کہ دباؤ، دھمکیوں اور طاقت کے استعمال سے ایران کو اپنے مؤقف سے دستبردار نہیں کرایا جاسکتا۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کسی صورت ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور اپنے ملک کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔





