پاکستان کا قیمتی ثقافتی اور تاریخی ورثہ واپس حاصل کرنے کی کوششوں کو بڑی کامیابی مل گئی، پاکستان سے غیر قانونی طور پر چرا کر امریکہ سمگل کی جانے والی 36 نایاب نوادرات باضابطہ طور پر حکومتِ پاکستان کے حوالے کر دی گئی ہیں، جنہیں جلد ہی وطن واپس لایا جائے گا۔
اس حوالے سے نیویارک کاؤنٹی ڈسٹرکٹ کے اٹارنی آفس میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے نوادرات کی حوالگی کے معاہدے پر باضابطہ دستخط کیے۔
واپس ملنے والے ان قیمتی نوادرات میں ایک نایاب (یکشی کا مجسمہ) بھی شامل ہے، جس کا تعلق چوتھی صدی عیسوی سے ہے۔
اس کے علاوہ، 35 ؎ (مٹی سے بنے زرخیزی کے آثار اور مورتیاں) بھی شامل ہیں جو کہ ڈھائی ہزار سے تین ہزار قبل مسیح (تاریخی گندھارا اور قدیم تہذیبوں) کے دور سے تعلق رکھتی ہیں۔
یہ نوادرات پاکستان کے قدیم ورثے کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی قونصل جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ چوری شدہ نوادرات کی قانونی اور باحرمت واپسی نہ صرف ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، بلکہ اس سے ہماری آنے والی نسلوں کو بھی اپنی قدیم اور شاندار تہذیب، تاریخ اور ثقافت سے بھرپور انداز میں آگاہی حاصل کرنے کا سنہری موقع ملے گا۔





