اسلام آباد: پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں 2026 کے دوران 9 درجے کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد پاکستان 183ویں نمبر پر آگیا۔
انگریزی جریدے گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کا موبیلیٹی اسکور 42 ہے۔ اس اسکور کے تحت پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو مجموعی طور پر 42 مقامات پر سفر سے قبل روایتی ویزا حاصل کرنے سے استثنیٰ یا متبادل سفری سہولت دستیاب ہے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ 42 کا موبیلیٹی اسکور اس بات کا مطلب نہیں کہ پاکستانی شہری 42 ممالک میں مکمل طور پر ویزا فری سفر کرسکتے ہیں۔
ان میں صرف 9 مقامات ایسے ہیں جہاں پاکستانی پاسپورٹ پر ویزا فری داخلہ حاصل ہے، جبکہ 29 مقامات پر ویزا آن ارائیول اور 4 مقامات پر الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے ذریعے داخلے کی سہولت موجود ہے۔
یوں مجموعی طور پر 42 مقامات ایسے ہیں جہاں پاکستانی شہریوں کو سفر سے پہلے روایتی ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی، جبکہ 156 مقامات کے لیے روانگی سے قبل ویزا لینا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمان
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو بارباڈوس، ڈومینیکا، دی گیمبیا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈائنز، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانواتو میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔
اس کے علاوہ 29 مقامات پر ویزا آن ارائیول کی سہولت دستیاب ہے، جبکہ 4 مقامات پر الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے ذریعے داخلے کی اجازت دی جاتی ہے۔
تازہ درجہ بندی پاکستانی پاسپورٹ کی گزشتہ چند سال کے دوران رینکنگ میں ہونے والی بہتری کے بعد دوبارہ تنزلی کو ظاہر کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان 2023 میں 180ویں نمبر پر تھا، 2024 میں 175ویں اور 2025 میں مزید بہتری کے بعد 174ویں نمبر پر پہنچ گیا تھا۔ تاہم 2026 کی درجہ بندی میں 9 درجے کمی کے بعد پاکستان 183ویں پوزیشن پر آگیا۔
اس درجہ بندی میں پاکستان دنیا کے کم رینک والے پاسپورٹس میں شامل ہے اور پاکستان سے نیچے عراق، شام اور افغانستان کے پاسپورٹس موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2026 میں پاکستان کی پوزیشن 2020 کے مقابلے میں بھی 14 درجے کم ہے۔ 2020 میں پاکستانی پاسپورٹ 169ویں نمبر پر تھا۔
پاکستانی پاسپورٹ کے موبیلیٹی اسکور میں بھی گزشتہ برس کے مقابلے میں کمی ہوئی ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 2020 میں پاکستان کا موبیلیٹی اسکور 36 تھا، جو 2023 میں بڑھ کر 47 ہوگیا۔ 2024 میں بھی یہ 47 پر برقرار رہا، تاہم 2025 میں کم ہوکر 44 اور 2026 میں مزید کمی کے بعد 42 رہ گیا۔
یہ بھی پڑھیں : صدر آصف علی زرداری نے اہم سمریوں کی منظوری دے دی
پاسپورٹ رپورٹس میں موبیلیٹی اسکور کے ذریعے ان مقامات کی مجموعی تعداد ظاہر کی جاتی ہے جہاں مسافروں کو سفر سے پہلے روایتی ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ویزا فری رسائی کو سفری سہولت کی ایک شکل سمجھا جاتا ہے کیونکہ مسافر کو روانگی سے قبل ویزا لینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ویزا آن ارائیول کی صورت میں بھی سفر سے پہلے ویزا حاصل نہیں کرنا پڑتا، تاہم منزل پر پہنچنے کے بعد مسافر کو امیگریشن کے مراحل اور دیگر مقررہ شرائط پوری کرنا ہوتی ہیں۔
اسی طرح الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن بھی سفری سہولت فراہم کرتی ہے، تاہم اسے مکمل ویزا فری داخلے کے مساوی نہیں سمجھا جاتا۔ اس طریقہ کار میں عموماً مسافر کو سفر سے قبل آن لائن یا الیکٹرانک اجازت حاصل کرنا ہوتی ہے۔





