وفاقی حکومت نے سول اور پولیس بیوروکریسی میں اہم تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعدد اہم عہدوں پر نئی تعیناتیاں کی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق فارن سروس آف پاکستان کے گریڈ 22 کے سینئر سفارت کار اور نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کو سیکریٹری وزارتِ خارجہ مقرر کر دیا گیا ہےاور ان کی تقرری 18 ستمبر 2026ء سے مؤثر ہو گی۔
وزارتِ صنعت و پیداوار میں اسپیشل سیکریٹری احسن علی منگی کو سیکریٹری کا عبوری چارج تفویض کیا گیا ہے جو مستقل تعیناتی تک یہ فرائض انجام دیں گے۔
اس سے قبل گزشتہ روز سیف انجم کو سیکریٹری صنعت و پیداوار کے عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
حکومت کی جانب سے دیگر اعلیٰ افسران کے بھی تبادلے کیے گئے ہیں جن میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں تعینات پولیس سروس گریڈ 20 کے انعام الرحمان ملک کو پنجاب منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: آئس کریم لینے گئی کم سن بچی سے دکاندار کی مبینہ زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار
اس کے علاوہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 19 کے فضل اکبر کا خیبرپختونخوا سے سندھ جبکہ پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس گریڈ 19 کے سلیم جہانگیر کی خدمات بلوچستان حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان تمام احکامات کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔





