اسلام آباد: پاکستان سنگل ونڈو (PSW) نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ساتھ اپنے پلیٹ فارم کو مربوط کردیا، جس کے بعد صارفین اسمارٹ فون کے ذریعے گھر بیٹھے لازمی بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرسکیں گے۔
نئی سہولت کے بعد پاکستان سنگل ونڈو کے صارفین کو سبسکرپشن، سبسکرپشن کی تجدید اور پروفائل اپ ڈیٹ کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کی غرض سے نادرا کے ای سہولت مرکز جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس سے قبل پی ایس ڈبلیو کی خدمات حاصل کرنے کے لیے بائیومیٹرک تصدیق لازمی تھی اور صارفین کو ذاتی طور پر نادرا کے ای سہولت مرکز جانا پڑتا تھا۔ تاہم پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ساتھ انضمام کے بعد اہل صارفین نادرا کی مقررہ شرائط کے مطابق بائیومیٹرک تصدیق کا عمل آن لائن مکمل کرسکیں گے۔
اوورسیز پاکستانیوں کو بھی سہولت ملے گی
نئی سہولت سے بالخصوص ان پاکستانیوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جو بیرونِ ملک مقیم ہیں اور پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔ اہل اوورسیز پاکستانی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پاکستان سنگل ونڈو کی بائیومیٹرک تصدیق گھر بیٹھے مکمل کرسکیں گے، جس سے اس مقصد کے لیے پاکستان آنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ، دو افراد جان سے گئے، 6 زخمی
سہولت کے نفاذ کے دوران عبوری مدت میں بائیومیٹرک تصدیق کے دونوں طریقے دستیاب رہیں گے۔ صارفین پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرسکیں گے یا سابقہ طریقہ کار کے تحت نادرا کے ای سہولت مراکز سے تصدیق کراسکیں گے۔
پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے کہا ہے کہ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ساتھ انضمام پاکستان اور بیرونِ ملک موجود پی ایس ڈبلیو صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریموٹ بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت سے آن بورڈنگ کے مرحلے میں نادرا مراکز جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے پاکستان سنگل ونڈو صارفین کے لیے پورا عمل مزید آسان، قابل رسائی اور صارف دوست ہوجائے گا۔
پاکستان سنگل ونڈو کے مطابق اس انضمام کے نتیجے میں سبسکرپشن کا پورا عمل ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کیا جاسکے گا۔
پی ایس ڈبلیو کے مطابق یہ اقدام ڈیجیٹل سہولیات کے استعمال کو فروغ دینے، صارفین کی رسائی بہتر بنانے اور کاروباری اداروں کے لیے طریقہ کار کو مزید آسان کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔





