خیبر پختونخوا کابینہ کا ہنگامی اجلاس آج طلب

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا ہے، اجلاس دوپہر 2 بجے ہوگا۔

سینئر صحافی محمد فہیم کے مطابق کابینہ اجلاس کا ایجنڈا تاحال تیار نہیں کیا گیا، تاہم اجلاس میں پولیس کے اختیارات سے متعلق اہم قانون لانے پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پولیس سے بعض یا تمام اختیارات واپس لینے سے متعلق قانون منظور کرانے کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔

سینئر صحافی اور تجزیہ کار حماد حسن ذرائع کے مطابق اگر صوبائی کابینہ کی جانب سے اس حوالے سے بل منظور کیا جاتا ہے تو اسے مزید آئینی و قانونی مراحل سے گزرنا ہوگا۔ اس صورتحال میں یہ سوال بھی سامنے آرہا ہے کہ کیا گورنر خیبر پختونخوا اس بل کی فوری منظوری دیں گے؟

دوسری جانب لانگ مارچ میں صرف چار روز باقی رہ گئے ہیں، جس کے باعث صوبائی کابینہ کے ہنگامی اجلاس اور پولیس کے اختیارات سے متعلق ممکنہ فیصلے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top