کامران علی شاہ
پشاور: کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں نامزد خاتون کو نیب کی جانب سے جاری پیشی کے نوٹس کے خلاف درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے نوٹس آئندہ سماعت تک معطل کردیا اور قومی احتساب بیورو سے جواب طلب کرلیا۔
خاتون کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
دورانِ سماعت درخواست گزارہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب کی جانب سے ان کی مؤکلہ کو پیشی کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
وکیل کے مطابق نیب کی جانب سے مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ درخواست گزارہ کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلدیاتی انتخابات کیس، الیکشن کمیشن نے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ رقم درخواست گزارہ کے شوہر کے اکاؤنٹ سے ان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی، جبکہ درخواست گزارہ کے شوہر کے خلاف نیب کی انکوائری جاری ہے اور وہ عبوری ضمانت پر ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست گزارہ کو جاری نیب کا پیشی نوٹس آئندہ سماعت تک معطل کردیا اور نیب سے نوٹس سے متعلق جواب طلب کرلیا۔
پشاور ہائیکورٹ نے نیب کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔





