زیاد علی شاہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کی امن و امان اور سکیورٹی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے واقعات اور آئینی و قانونی امور پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے واقعات اور افغان بارڈر کی صورتحال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خیبرپختونخوا سے متعلق مختلف آئینی اور قانونی آپشنز پر بریفنگ دی، جبکہ رانا ثنا اللہ نے صوبے کی سیاسی صورتحال اور سیاسی روابط سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو تحریک انصاف سے بیک ڈور روابط سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی تحریک انصاف کے ساتھ رابطوں سے متعلق تفصیلات وزیراعظم کے سامنے رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کابینہ کے اراکین کا وفاقی حکومت سے رابطوں کا انکشاف
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں امن و امان کے قیام میں ناکام ہوچکی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صوبے کی سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا سے متعلق مختلف آئینی و قانونی آپشنز پر غور کیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق حتمی فیصلے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر کشمیر امور امیر مقام، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کی صورتحال پر وفاقی حکومت کی مشاورت آئندہ بھی جاری رہے گی۔





