امریکی بانڈز کی ییلڈ میں کمی اور فیڈرل ریزرو حکام کی جانب سے آئندہ شرحِ سود کے فیصلے پر محتاط رویے کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت معمولی اضافے کے بعد مستحکم رہی۔
بلومبرگ کے مطابق جمعے کو عالمی مارکیٹ میں سونا تقریباً 4,180 ڈالر فی اونس کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا، جو گزشتہ سیشن کے مقابلے میں تقریباً 0.5 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم ہفتہ وار بنیاد پر سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر تقریباً 2 فیصد کمی کا امکان ہے۔
دوسری جانب امریکی ٹریژری بانڈز کی مختلف مدتوں کی ییلڈ میں جمعرات کو کمی ریکارڈ کی گئی۔ 10 سالہ امریکی بانڈ کی ییلڈ بھی اپنی 24 سال کی بلند ترین سطح سے نیچے آگئی، جس سے سونے کی قیمت کو کچھ سہارا ملا۔
یہ بھی پڑھیں: مقامی و عالمی مارکیٹ میں سونا ایک بار پھر سستا ہوگیا
مشرقِ وسطیٰ میں مزید کشیدگی کے خدشات کے باعث توانائی کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں، جبکہ سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ شرحِ سود پالیسی سے متعلق اشاروں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی توجہ اب امریکی مالیاتی پالیسی، بانڈ ییلڈز اور جغرافیائی کشیدگی سے متعلق آئندہ پیش رفت پر مرکوز ہے۔





