اپر کوہستان اسکینڈل، ملزم مشرف شاہ کے بے نامی اثاثے ضبط کرنے کا حکم جاری

پشاورکی احتساب عدالت نے اپر کوہستان اسکینڈل میں نامزد ملزم مشرف شاہ کے بے نامی اثاثے ضبط کرنے سے متعلق نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے بے نامی داروں کے بینک اکاؤنٹس میں موجود 74 کروڑ روپے ضبط کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ اکاؤنٹس میں موجود 40 کروڑ روپے سرکاری اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

تحریری فیصلے کے مطابق ملزم مشرف شاہ کی اہلیہ کے نام ایبٹ آباد میں ایک کنال 16 مرلے کا مکان ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اس کے علاوہ بشام، شانگلہ میں 3 کنال 16 مرلے زرعی زمین بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

فیصلے کے مطابق بے نامی داروں نے عدالت کے روبرو مذکورہ اثاثوں سے دستبرداری پر رضامندی ظاہر کی جبکہ بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم کو جرم سے حاصل ہونے والی آمدن قرار دیا۔

عدالت کے مطابق مشرف شاہ کی اہلیہ نے بھی جائیدادیں اپنے شوہر کی جانب سے خرید کردہ قرار دیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوہستان مالیاتی اسکینڈل، پشاور ہائیکورٹ نے خاتون کو نیب کا نوٹس معطل کردیا

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فریقین کے بیانات اور پیش کردہ دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے نیب کی درخواست منظور کی اور متعلقہ اثاثے ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے۔

Scroll to Top