پشاور: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی سے قبل دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی رکھی گئی، جس کے بعد ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مستونگ میں 5 دہشت گرد ہلاک
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع مستونگ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں عوام کا پیمانہ لبریز، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف حکومت پر برس پڑے
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیاپشت اور کلی گشتری کے علاقوں میں آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی عزمِ استحکام وژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔





