پی ٹی آئی لانگ مارچ کے نام پر لکی ایرانی سرکس کر رہی ہے،میاں افتخار حسین

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو سیاسی تجربہ گاہ بنا دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے نام پر لکی ایرانی سرکس کر رہی ہے۔ یہ مارچ پختونخوا کے عوام کے امن، روزگار، تعلیم یا ترقی کے لیے نہیں بلکہ 13 سال سے جاری ڈرامے کی ایک اور فلاپ قسط ہے۔ 

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے احتجاج کا واحد مقصد اپنے کارکنان کو بیوقوف بنانا اور عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا ہے۔

انہوں نے مذید کہاکہ صوبے میں مسلط حکمرانوں کی سیاست کا مرکز پختونخوا کے عوام نہیں بلکہ اقتدار اور اسلام آباد ہے۔ ایک جماعت صوبے کو سیاسی ایندھن کے طور پر استعمال کر رہی ہے جبکہ دوسری جماعت مرکز میں بیٹھ کر صوبے کے حقوق اور وسائل پر سمجھوتے کر رہی ہے۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا کے عوام کا ہو رہا ہے۔ صوبے میں دہشت گردی، بدامنی، بے روزگاری، مہنگائی اور بنیادی سہولیات کے بحران نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے، لیکن حکمرانوں کی ترجیحات میں عوام کے مسائل شامل نہیں۔ حکومت کی تمام توجہ سیاسی تماشوں اور محاذ آرائی پر مرکوز ہے، جبکہ پختونخوا کے عوام امن، روزگار اور بنیادی سہولیات کے لیے دربدر ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پختونخوا کے وسائل، اختیار اور مستقبل پر کسی کو سودے بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پختونخوا کسی جماعت کے اقتدار کی سیڑھی نہیں اور نہ ہی اسے اسلام آباد کی سیاست میں ایندھن کے طور پر استعمال ہونے دیا جا سکتا ہے۔ پختونخوا کے مسائل کا حل یہاں کے عوام کو ان کے سیاسی، معاشی اور آئینی حقوق دینے میں ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں شہریوں کی عدم دلچسپی،ارباب شیر علی ورکرز سے نکلنے کیلئے منتوں ترلو ں پر اتر آئے

صوبائی صدر نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے امن، اختیار، وسائل اور قومی تشخص پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ہر غیر جمہوری و غیر آئینی اقدام کے خلاف عوام کی آواز بن کر کھڑی رہے گی۔

Scroll to Top