اسلام آباد: موٹروے ایم ٹو ساؤتھ پر فیض پور کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق فیض پور کے قریب ایک آلٹو کار آگے چلنے والی نامعلوم گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر موٹروے پولیس، ٹائیگر اسکواڈ اور ڈی ایس پی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو جناح ہسپتال لاہور منتقل کردیا۔
ترجمان سید عمران احمد کے مطابق سیکٹر کمانڈر ایم ٹو ساؤتھ اور ڈی ایس پی بیٹ 12 بھی زخمیوں کی عیادت اور لواحقین کو ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے ہسپتال پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں : صوابی اور نوشہرہ میں افسوسناک واقعات، ایک نوجوان قتل، دوسرا حادثے میں جاں بحق
دوسری جانب ڈیفنس کے علاقے میں ایک کار کی موٹرسائیکل سے ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ حادثے کے وقت موٹرسائیکل پر دو افراد سوار تھے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ زخمی کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی ہے، جسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ حادثے کے بعد کار کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔





