پشاور: گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کے عوام کے نام اہم پیغام میں کہا ہے کہ صوبے کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے، بلکہ اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں۔ صوبے کے شہری دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں تاکہ مشترکہ کوششوں اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار کی جا سکے۔
گورنر نے اپنے پیغام میں اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام جمہوری اقدار کے فروغ اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں اہم تقرری، ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان نئے چیف سیکریٹری مقرر
ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام امن پسند ہیں اور دہشت گردی سمیت پُرتشدد کارروائیوں کی ہرگز حمایت نہیں کرتے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگے فساد سے مکمل اجتناب کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
گورنر نے اپنے پیغام میں امن کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے، جمہوری اقدار کے فروغ اور صوبے کی ترقی کے لیے عوام اور سکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔





