ضلع بنوں کے علاقے کرم گڑھی مامند خیل (تھانہ بنوں کینٹ کی حدود) میںسیکیورٹی فورسز ،سی ٹی ڈی اور مقامی پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 2 خطرناک دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رات 8:30 بجے کیے گئے اس جوائنٹ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دونوں شرپسند موقع پر ہی مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت محب خان عرف ثمین ولد شیر عبداللہ (سکنہ گریڑہ امام شاہ، بنوں) کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان (IMP) کا لوکل کمانڈر اور کمانڈر زر گل عرف انکل کا بھتیجا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک کمانڈر محب خان انتہائی مطلوب اور سنگین مجرم تھا، جس کے خلاف سی ٹی ڈی بنوں میں 22 مقدمات درج تھے۔ ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر آئی ای ڈی (بم) دھماکوں، اغوا برائے تاوان، املاک کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی سڑکیں بلاک کرنے جیسی سنگین دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے اور علاقے میں پاک فوج، سی ٹی ڈی اور پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔





