اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے دو اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ حکام کو اس پر فوری عمل درآمد کا مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن ثنا اللہ مستی خیل اور داوڑ خان کنڈی کے پروڈکشن آرڈر رول 108 کے تحت جاری کیے گئے ہیں جس میں دونوں ارکان کی ایوان میں موجودگی کو لازم قرار دیا گیا ہے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق دونوں ارکان کو پارلیمنٹ کے ہر اجلاس کے آغاز پر سارجنٹ ایٹ آرمز کے سامنے پیش کیا جائے گا جبکہ اجلاس ختم ہونے کے فوراً بعد انہیں دوبارہ سخت حفاظتی تحویل میں ان کی اصل لوکیشن پر واپس منتقل کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : رانا ثنا اللہ نے مراد سعید کا افغانستان میں بیٹھ کر خیبرپختونخوا حکومت کو چلانے کا شرمناک کھیل بے نقاب کر دیا
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کے لیے سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی اسلام آباد سمیت مجموعی طور پر 7اہم حکام کو باضابطہ مراسلے جاری کر دیے گئے ہیں۔





