نئے انتظامی نظام کے تحت خیبر پختونخوا کے بارہ اضلاع میں علاقائی ترقیاتی کونسل کے ارکان کے انتخاب کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ چودہ اکتوبر سے شمالی وزیرستان، خیبر، بنوں اور ٹل (کرم) میں انتخاب کا پروسیس شروع کر دیا گیا ہے جبکہ آنے والے دو دنوں میں باقی ماندہ اضلاع میں بھی یہی عمل دہرایا جائے گا۔
اس نئے انتظامی فریم ورک کے تحت باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت اور بنوں کے علاقوں میں مقیم مقامی افراد کونسل کے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ ارکان کا یہ انتخاب مقامی آبادی کی خواہشات، قبائلی روایات اور باہمی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے روایت پسندانہ جرگہ نظام کے تحت کیا جا رہا ہے۔ جرگے کے ذریعے نمائندوں کے انتخاب کا بنیادی مقصد مقامی عمائدین کو مؤثر نمائندگی فراہم کرنا اور خطے کے درپیش مسائل، ضروریات اور ترقیاتی ترجیحات کو براہِ راست متعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچانا ہے۔
اس اہم پیش رفت کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے شمالی وزیرستان، خیبر، بنوں اور ٹل میں ملک و مشران، علماء کرام، مقامي عمائدین اور تاجر برادری کے ساتھ باضابطہ جرگے منعقد کیے ہیں، جن میں علاقے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی، عوامی مسائل اور فوری نوعیت کی ترقیاتی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ پورے عمل کے دوران متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کے افسران مکمل معاونت اور سہولت کاری فراہم کر رہے ہیں۔
دوسری جانب مقامی ملک و مشران نے اس نئے انتظامی اور ترقیاتی نظام پر کامل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ مشران کا کہنا ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ علاقے میں پائیدار امن و استحکام کا قیام ممکن بنایا جا سکے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد مقامي روایات اور اجتماعی مشاورت کو انتظامی ڈھانچے سے جوڑنا ہے۔
انتخابی طریقہ کار کے مطابق تمام جرگوں اور مشاورتی عمل کے اختتام پر ہر ضلع سے دو قبائلی عمائدین یا ملک منتخب کیے جائیں گے۔ اس طرح بارہ اضلاع کی مکمل نمائندگی پر مشتمل ایک فعال علاقائی ترقیاتی کونسل وجود میں آئے گی، جو مقامی آبادی کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کرے گی، مسائل کے حل کے لیے تجاویز تیار کرے گی اور انتظامی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کو بہتر بنائے گی۔ تمام متعلقہ اضلاع سے اراکین کا انتخاب مکمل ہونے تک مشاورتی اجلاس اور جرگوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔





