واشنگٹن : امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جنگ میں بعض پہلوؤں سے فیصلہ کن کامیابی حاصل کرچکا ہے، تاہم واشنگٹن تہران سے جوہری پروگرام دوبارہ بحال نہ کرنے کے لیے طویل مدتی اور قابلِ تصدیق ضمانتیں چاہتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام تباہ کردیا گیا ہے، لیکن امریکا مستقبل میں ایران کی جانب سے جوہری سرگرمیاں دوبارہ شروع کیے جانے کے خدشات دور کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کی توجہ اس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے کہ ایران آنے والے برسوں میں جوہری ہتھیار بنانے یا یورینیم افزودگی کی صلاحیت دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش نہ کرے۔
ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنا ضروری ہے
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایران کو دوبارہ جوہری صلاحیت حاصل کرنے سے روکنے اور عالمی توانائی بحران سے بچنے کے لیے جنگ جاری رکھنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں کمی
امریکی نائب صدر نے اعتراف کیا کہ امریکا میں پیٹرول کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں، تاہم ان کے بقول اگر امریکی بحریہ آبنائے ہرمز سے تیل اور گیس کی ترسیل یقینی نہ بناتی تو قیمتیں موجودہ سطح سے تین گنا تک بڑھ سکتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے لیے ایران کی جوہری صلاحیتوں کی بحالی روکنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ جنگ جاری رکھنے کا ایک مقصد عالمی منڈیوں میں توانائی کی فراہمی کو متاثر ہونے سے بچانا بھی ہے۔
جے ڈی وینس کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے مستقبل کے لیے قابلِ تصدیق ضمانتوں کو اہم سمجھتا ہے، تاکہ تہران دوبارہ جوہری صلاحیت حاصل نہ کرسکے اور عالمی توانائی کی فراہمی بھی متاثر نہ ہو۔





