سہ ملکی ون ڈے سیریز: پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی

پاکستان نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کرلیا۔ سلمان علی آغا کی شاندار سنچری اور پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم نے 306 رنز کے ہدف کا دفاع کامیابی سے کیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے 49.5 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے، جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سلمان علی آغا کی شاندار سنچری

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 90 گیندوں پر 107 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ بابر اعظم نے 57 گیندوں پر 45 رنز بنائے، جبکہ سعد بیگ 39 اور حسن نواز 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے تین اور دلشان مدوشنکا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 سری لنکن بلے بازوں کی مزاحمت ناکام

306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی وکٹیں گرنے کے باعث مہمان ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی۔ تاہم پون رتنا نائیکے اور جینتھ لیانگے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔

پون رتنا نائیکے نے 74 گیندوں پر 79 رنز بنائے، جن میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ جینتھ لیانگے نے بھی 74 گیندوں پر 60 رنز اسکور کیے، جبکہ کامندو مینڈس نے 50 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ داسن شناکا نے 18 گیندوں پر 28 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : صحت کارڈ پلس کے 21 ارب روپے کی چھان بین، نیب نے سابق چیئرمین کو طلب کرلیا

پاکستانی بولرز نے آخری اوورز میں سری لنکن بیٹنگ لائن کو قابو میں رکھا اور پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس طرح پاکستان نے میچ 37 رنز سے جیت کر سیریز میں اپنی مہم کا کامیاب آغاز کیا۔

 سہ ملکی ون ڈے سیریز کا شیڈول

پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں اس سہ ملکی ون ڈے سیریز میں حصہ لے رہی ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں ہر ٹیم دوسری ٹیموں کے خلاف دو، دو میچ کھیلے گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

سیریز کے آئندہ میچز کا شیڈول درج ذیل ہے:

-20 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ راولپنڈی
– 22 اکتوبر: انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا راولپنڈی
– 25 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ  لاہور
– 27 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا لاہور
– 29 اکتوبر: انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا لاہور
– 31 اکتوبر: فائنل لاہور

تمام میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

Scroll to Top