تجاوزات کا قصہ تمام، گراؤنڈ پر بڑا ایکشن، پشاور رنگ روڈ پر درجنوں غیرقانونی دکانیں مسمار

پشاور:  خیبرپختونخوا انتظامیہ نے صوبائی دارالحکومت میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت پشاور رنگ روڈ اور ملحقہ علاقے گڑھی قمر دین میں بھاری مشینری کی مدد سے درجنوں دکانوں کی غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ 

یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر پشاور کی براہِ راست موجودگی میں عمل میں لائی گئی، جس میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکاروں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔

 انتظامیہ کے مطابق اس جامع آپریشن کا بنیادی مقصد رنگ روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں سے تمام غیرقانونی تعمیرات کو ختم کر کے سڑک کی اصل حدود بحال کرنا اور علاقے میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش شدید مشکلات سے نجات مل سکے۔

ماضی کی عارضی اور ناقص پالیسیوں کے برعکس انتظامیہ نے اس بار پائیدار حکمتِ عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گھر بنانا ہوا انتہائی آسان، 1 کروڑ روپے تک قرض کے لیے بینکوں کو نیا اور آسان فارمولا جاری

ڈپٹی کمشنر پشاور نے واضح کیا ہے کہ جب تک تمام تجاوزات کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مسمار کی گئی جگہوں پر دوبارہ غیرقانونی تعمیرات قائم ہونے سے روکنے کے لیے سخت تدابیر اور مسلسل نگرانی کا نظام بھی وضع کر دیا گیا ہے تاکہ عوامی جگہوں پر قبضہ دوبارہ ممکن نہ ہو سکے۔

انتظامیہ کے تمام متعلقہ ادارے اہم شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

 اس موقع پر ضلع انتظامیہ نے شہریوں اور دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر غیرقانونی تعمیرات سے گریز کریں اور شہر کے حسن و نظم و ضبط کی بحالی کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

Scroll to Top