خیبرپختونخوا کے تمام صوبائی محکموں اور انتظامی افسران کےلیے نئےسخت ایس او پیز جاری

محمد اعجاز آفریدی
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام انتظامی محکموں اور افسران کے لیے اجلاسوں کے فیصلوں اور کارروائی (منٹس) کی بروقت منظوری کو یقینی بنانے کے لیے باضابطہ ایس او پیز جاری کر دیے گئے ہیں۔ 

 گورنر سیکرٹریٹ کی جانب سے یہ احکامات تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، اٹیچڈ فارمیشنز، خود مختار اداروں کے سربراہان، انسپکٹر جنرل آف پولیس، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور کارپوریٹ اداروں کے چیفس کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام محکموں کو یہ پابند بنایا گیا ہے کہ وہ گورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاسوں کی کارروائی کو درست انداز میں قلمبند کرنے کے لیے تربیت یافتہ اور ماہر عملہ تعینات رکھیں۔ اس کے علاوہ اجلاس میں دی جانے والی بریفنگز اور پریزنٹیشنز کی ہارڈ اور سافٹ کاپیاں اجلاس سے پہلے آفیشل ای میل اور کے پی ڈی ڈبلیو ایس پی پورٹل کے ذریعے گورنر سیکرٹریٹ کو فراہم کرنا لازمی قرار دی گئی ہیں۔

مراسلے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ اجلاس کے انعقاد کے فورا بعد تمام متعلقہ محکمے اپنے سربراہ کے دستخط شدہ ڈرافٹ منٹس 24 گھنٹوں کے اندر گورنر سیکرٹریٹ کو ای میل اور پورٹل پر ارسال کریں گے۔ ان موصولہ مسودات کی سیکرٹریٹ کے ریکارڈ سے جانچ پڑتال کی جائے گی اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد حتمی منٹس تمام متعلقہ اداروں کو عملدرآمد کے لیے جاری کیے جائیں گے۔ 

یہ بھی پڑھیں : ثمر ہارون بلور کا خیبرپختونخوا میں شعبہ معدنیات کا بڑا اسکینڈل جلد منظرعام پر لانے کا اعلان

گورنر سیکرٹریٹ کی طرف سے تمام محکموں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ جن اداروں کے اجلاس پہلے منعقد ہو چکے ہیں وہ اپنے بقیہ منٹس بھی جلد از جلد جمع کرائیں۔

Scroll to Top