سہ ملکی سیریز:عرفات منہاس کی بہترین بولنگ،انگلینڈ کو شکست

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز کے واضح مارجن سے ہرا دیا ہے۔ 

اس شاندار فتح کے بعد قومی کرکٹ ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان ہو گئی ہے جبکہ اس سے قبل سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو بھی شکست دی تھی۔

میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے 74 گیندوں پر 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ عرفات منہاس نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 59 رنز اسکور کیے۔ 

فہیم اشرف نے 26 گیندوں پر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی 10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں بابر اعظم نے 34 اور سعد بیگ نے 35 رنز بنائے، جبکہ انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3 اور گس اٹکنسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی طرف سے ٹام بینٹن نے 57، بین ڈکٹ نے 45 اور جو روٹ نے 33 رنز بنائے تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

 پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے گیند بازی میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 8.4 اوورز میں صرف 40 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ حارث رؤف نے 2 اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سہ ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔ سیریز کا اگلا میچ 22 اکتوبر کو راولپنڈی میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ بقیہ تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

Scroll to Top