پشاور(محمد اعجازآفریدی )خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام محکموں میں جاری تمام خریداریوں اور ٹھیکوں کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں دفتر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے کے تمام انتظامی سیکرٹریز اور ذیلی محکموں کے سربراہان کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام انتظامی اور ملحقہ محکمے اشیاء کی خریداری، تعمیراتی کاموں (سول ورکس) اور خدمات (سروسز) کے جاری عمل کا جائزہ لیں۔ جائزے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تمام خریداریاں اور ٹھیکے جائز، ضروری، محکمے کی ترجیحات اور لاگو قواعد و ضوابط کے عین مطابق ہیں۔
مراسلے کے مطابق اس جائزے میں ٹینڈرز کی شروعات، جانچ پڑتال (ایویلیویشن) اور ٹھیکوں کی الاٹمنٹ کے تمام مراحل کو شامل کیا جائے گا۔ ہر کیس کا جائزہ خریداری کی ضرورت، فنڈز کی دستیابی، قانونی ضوابط، شفافیت، مالی افادیت اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر لیا جائے گا اور اس جائزے کے نتائج کی روشنی میں ہی آگے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : انتشاری ٹولےکا ایک اور بڑا اسکینڈل : آڈٹ رپورٹ نےخیبرپختونخوا میں معدنیات کے شعبے میں اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب کردی
چیف سیکرٹری دفتر کی جانب سے تمام انتظامی سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے محکموں سمیت ڈائریکٹوریٹس، ڈویژنل اور ضلعی دفاتر میں اس جائزے کے عمل پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔





