پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ پاکستان کے قریب بین الاقوامی انٹرنیٹ کیبل سسٹم ایس ای اے-ایم ای-ڈبلیو ای 5 (SMW5) میں خرابی رپورٹ ہوئی ہے جس کے باعث ملک بھر میں بعض انٹرنیٹ صارفین کو وقفے وقفے سے کنیکٹیویٹی مسائل اور سروس کے معیار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق سب میرین کیبل میں خرابی پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور پیش آئی ہےجس کے بعد متعلقہ اداروں نے خرابی کی وجوہات اور سروس کی بحالی کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔
اپنے اعلامیے میں اتھارٹی نے کہا ہے کہ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (TWA) خرابی کی نوعیت اور وجوہات معلوم کرنے کے لیے ایس ایم ڈبلیو ای 5 کنسورشیم سے رابطے میں ہے جبکہ کیبل کی مرمت اور انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی کے متوقع وقت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق صارفین کو ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے متبادل بین الاقوامی کیبل لنکس کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک منتقل کی جا رہی ہے تاکہ موجودہ خرابی کے اثرات کم سے کم رکھے جا سکیں۔
تاہم متبادل بین الاقوامی لنکس کے ذریعے ٹریفک منتقل کیے جانے کے باعث تمام صارفین کے متاثر ہونے کا امکان نہیں، اور سروس پر اثرات کا انحصار متعلقہ انٹرنیٹ آپریٹر اور دستیاب متبادل بینڈوڈتھ پر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : پٹرول 133 اور ڈیزل 162 روپے سستا، فیول سبسڈی سے ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو رہے ہیں: اسحاق ڈار
واضح رہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی سب میرین کیبلز میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیںجن میں رواں سال 2 جولائی 2026 کو اسی ایس ایم ڈبلیو ای 5 کیبل میں آنے والی تکنیکی خرابی بھی شامل ہے۔





