گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے مختلف علاقوں جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران 22 خوارج کی ہلاکت پر فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
گورنر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی یہ پیشہ ورانہ کارروائیاں ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے انتہائی اہم ہیں اور دہشت گردوں و ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے ایک بیان میں جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انجام دی جانے والی مختلف کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان آپریشنز میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 22 خوارج کو ہلاک کرنا فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور جرات کا واضح ثبوت ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی پے در پے کامیاب کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں، جن سے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور، ملک دشمن عناصر اور ان کے تمام سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : بنگلہ دیش میں پرتشدد احتجاج کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن،سابق وزیرِ تعلیم سمیت 107 افراد گرفتار!
اپنے بیان میں گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی بحالی اور پائیدار استحکام کے لیے سیکیورٹی اداروں کے افسران اور جوانوں کی خدمات اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف اس قومی جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔





