مدارس کی قیادت، 12 سے 13 کروڑ کی لیکسز گاڑیاں، بھاری پروٹوکول، پشاور ہائی کورٹ سے واپسی کی ویڈیو وائرل

پشاور: پشاور ہائی کورٹ سے واپسی کے موقع پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمٰن کے قافلے کی سامنے آنے والی ویڈیو نے سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں قافلے میں شامل سیکیورٹی گاڑیوں اور مبینہ طور پر کروڑوں روپے مالیت کی لگژری گاڑی کے استعمال پر سخت سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فضل الرحمٰن کے قافلے میں سیکیورٹی گاڑیوں سمیت تقریباً دس گاڑیاں شامل ہیں۔

ویڈیو میں نمایاں نظر آنے والی سیکیورٹی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ ایک سفید رنگ کی لگژری گاڑی بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ “لیکسز 600” الٹرا لگژری ماڈل ہے اور مولانا فضل الرحمٰن اس میں سوار تھے۔

سوشل میڈیا اور تجزیہ کاروں کے حلقوں میں اس نوعیت کی لگژری گاڑی کی مالیت کا تخمینہ کم از کم 12 سے 13 کروڑ روپے لگایا جا رہا ہے۔

 اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ ایسی مہنگی ترین گاڑی کی ملکیت، آمدن کے ذرائع اور قانونی حیثیت کیا ہے، خصوصاً جب ناقدین اور مخالفین کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ گاڑی نہ تو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ریکارڈ میں ظاہر ہے اور نہ ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشواروں میں اس کا ذکر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شیرانی اور حافظ حسین احمد کے تحفظات کے بعد ناراضگی کا دائرہ مزید وسیع، جے یو آئی (ف) کے گڑھ بلوچستان سے بڑا اختلافی مؤقف سامنے آ گیا

پشاور کے شہریوں کا کہنا ہے کہ مذہبی و سیاسی قیادت اور مدارس سے وابستہ شخصیات کے طرزِ زندگی، قافلوں کے پروٹوکول اور اربوں روپے کے اثاثوں یا کروڑوں کی گاڑیوں کے ذرائع آمدن پر بارہا سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔

 ناقدین کا موقف ہے کہ جو سیاستدان خود کو عوامی مفاد اور اصولوں کا علمبردار قرار دیتے ہیں، انہیں اپنے اثاثوں، ٹیکس گوشواروں اور لگژری گاڑیوں کے حوالے سے عوام اور متعلقہ اداروں کے سامنے شفاف جواب دینا چاہیے۔

دوسری جانب سیاسی منظرنامے میں یہ پہلو بھی زیرِ بحث ہے کہ جب مالی معاملات، اثاثوں اور احتسابی سوالات پر دباؤ بڑھتا ہے تو بعض سیاسی رہنماؤں کی جانب سے توجہ ہٹانے کے لیے صوبائی حقوق، وفاقی معاملات یا ریاستی اداروں پر تنقید کا رخ اختیار کیا جاتا ہے۔ مبصرین کے مطابق حالیہ دنوں میں سامنے آنے والے بیانات اور سیاسی ردعمل کو اسی کشیدگی اور دباؤ کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top