دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے 15 رکنی پاکستان ویمنز اسکواڈ کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ماہ ہونے والے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے 15 رکنی قومی ویمنز کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کی بطور کپتان ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم اس دورے کے دوران میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

 شیڈول کے مطابق تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز 8، 10 اور 12 دسمبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ ون ڈے سیریز کے مقابلے 15، 17 اور 20 دسمبر کو شیڈول ہیں۔ سیریز کے تمام چھ میچز ڈومینیکا کے شہر روسو کے ونڈسر پارک میں منعقد ہوں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تین میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-2029 کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

 قومی ویمنز ٹیم اس وقت چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر 9 میچز میں 5 فتوحات کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے اور اس سیریز میں کامیابی اس کی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے اہم ہوگی۔

واضح رہے کہ کپتان فاطمہ ثنا ویمنز بگ بیش لیگ (WBBL) میں مصروفیت کے باعث حال ہی میں ہونے والی آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکی تھیں۔

اعلان کردہ 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ:

فاطمہ ثنا (کپتان)، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ٹیم مینجمنٹ میں شین ڈیٹز (Shane Deitz) ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

Scroll to Top