ملک میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سیکیورٹی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں پر بزدلانہ حملوں کا ایک اور افسوسناک واقعہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں پیش آیا ہے جہاں علاقہ ڈبرہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جنوبی وزیرستان اپر میں تعینات پولیس اہلکار اللہ نور شہید ہو گئے۔
واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ خصوصی ٹیموں نے حملہ آوروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے ڈبرہ میں ایک گھر کے سامنے پیش آیا جہاں پہلے سے موجود نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کی زد میں آ کر پولیس اہلکار اللہ نور شدید زخمی ہونے کے بعد موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
حکام کے مطابق شہید پولیس اہلکار اللہ نور جنوبی وزیرستان اپر میں تعینات تھے اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر موقع سے اہم فرانزک و دیگر شواہد اکٹھے کیے۔
بعد ازاں شہید پولیس اہلکار اللہ نور کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس کی خصوصی ٹیموں نے واردات میں ملوث نامعلوم مسلح ملزمان کا سراغ لگانے اور ان کی فوری گرفتاری کے لیے گرد و نواح کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے شہریوں اور سماجی حلقوں نے پولیس اہلکار اللہ نور کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بزدلانہ فائرنگ کے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں افسران کے تقرر وتبادلے ،نوٹیفکیشن جاری
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی کمزور انتظامی گرفت اور امن و امان پر عدم توجہ کے باعث شرپسند اور مسلح عناصر کے حوصلے بڑھ رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
شہریوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ریاست دشمن و جرائم پیشہ عناصر کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچا کر علاقے میں مکمل امن بحال کیا جائے گا۔





