دہشت گردی ریاست کی ریڈ لائن ، مخالف بیانیےوالوں کا کڑا حساب ہوگا،رانا ثناء اللہ کے بیان سے ریاست مخالف عناصر کی نیندیں حرام ہو گئیں!

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام، مخصوص نشستوں کی تقسیم، آئینی ترامیم اور ملکی سلامتی کے امور پر حکومتی اور جماعتی مؤقف واضح کیا ہے۔ 

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبے بنانا پارلیمنٹ کا اختیار ہے اور جب تک یہ معاملہ پارلیمنٹ میں نہیں آتا مسلم لیگ (ن) کو اس پر رائے قائم کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ اسے مخصوص نشستیں غلط ملی ہیں تو وہ انہیں واپس کر دے جبکہ مسلم لیگ (ن) کو یہ نشستیں قانون کے مطابق ملی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی پروگرام میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا سیاست میں اپنا ایک مقام ہے اور وہ اپنی بات کی وضاحت خود بہتر انداز میں کر سکتے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسی نے ان سے نئے صوبوں کے حوالے سے بات نہیں کی۔

نئے صوبوں کی بحث پر بات کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم نے کہا کہ صوبے بنانا خالصتاً پارلیمنٹ کا آئینی اختیار ہے اور جب یہ معاملہ باضابطہ طور پر پارلیمنٹ میں آئے گا تو مسلم لیگ (ن) اس پر اپنا واضح مؤقف اختیار کرے گی تاہم جب تک یہ معاملہ ایوان میں زیرِ بحث نہیں آتا اس وقت تک رائے قائم کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

مخصوص نشستوں کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کو مخصوص نشستیں غلط ملی ہیں تو وہ انہیں واپس کر دے جبکہ مسلم لیگ (ن) کو مخصوص نشستیں آئین اور قانون کے مطابق ملی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کے ایک اور بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کی یہ بات درست ہے کہ کسی کو ٹشو پیپر یا کاغذی وزیراعظم اور صدر نہیں ہونا چاہیے اور بلاول بھٹو کو خود ایک اچھے سیاستدان کی مثال بننا چاہیے تاکہ دوسرے بھی ان کی تقلید کریں۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم کے عمل میں کوئی استعمال نہیں ہوا اور نہ ہی ان ترامیم کے دوران کوئی ٹشو پیپر بنا۔

یہ بھی پڑھیں : شدید دھند،حدِ نگاہ انتہائی کم،موٹروے مسافروں کے لئے پولیس کی ٹریفک ایڈوائزری جاری!

سیاسی مفاہمت اور قومی سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ماضی میں میثاقِ جمہوریت پر دستخط کر چکی ہیں اس لیے سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے چاہئیں۔

آخر میں انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دہشت گردی ریاست کی ریڈ لائن ہے اور جو بھی اس کے خلاف یا مخالف بیانیہ لے کر چلے گا اسے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Scroll to Top