آزاد کشمیر میں تخریب کاروں کے زہر آلود نیٹ ورک اور خفیہ فنڈنگ کا پردہ چاک، بدامنی کے سوداگروں کے مکروہ چہرے فاش، ناپاک بساط الٹ گئی

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں بدامنی اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کا نیٹ ورک مسلسل بے نقاب ہو رہا ہے، جہاں بیرونی سرپرستی اور خفیہ گٹھ جوڑ کے ذریعے شرپسندوں کو اسلحہ اور مالی وسائل پہنچانے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

 خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے اور عوامی حقوق کی آڑ میں انتشار پھیلانے والے اس گٹھ جوڑ کی حقیقت اب ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید واضح ہوتی جا رہی ہے۔

حکام اور سرکاری بیانات کے مطابق آزاد کشمیر میں سرگرم تخریبی گروہوں کو بیرونِ ملک سے مالی معاونت اور ہتھیار فراہم کیے جا رہے ہیں۔ 

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے 16 ستمبر 2026 کو اپنی پریس کانفرنس میں اسلحہ سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا تھا کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے بعد محاذ آرائی کی سازش اور اس کا مطلوبہ مقصد ایک مسلح گروہ کی گرفتاری سے مکمل طور پر عیاں ہو گیا ہے۔

 ان کے بقول تخریبی کارروائیوں اور دہشت گردی کے تانے بانے بیرونِ ملک سرپرستی سے جا ملتے ہیں، جن کا بنیادی ہدف مقامی آبادی کو حقوق کے نام پر گمراہ کر کے ریاست میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں اساتذہ کی بھرتیوں کا اعلان، تعلیمی شعبے میں ہزاروں نئی آسامیوں کا عمل شروع

آزاد کشمیر کے شہریوں اور مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین سے چار ماہ کے دوران خطے کا ماحول خراب کرنے کی منظم کوششیں کی گئیں، تاہم باشعور عوام نے ان تخریبی عزائم کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ 

شہریوں کے مطابق مخصوص اجتماعات اور اسٹیجز سے بدزبانی اور اشتعال انگیزی کے کلچر کو ہوا دی گئی اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کی گئی، مگر عوامی شعور نے ہر سازش کو ناکام بنایا۔

عوام کا مزید کہنا ہے کہ بعض عناصر نے اپنی سیاسی اغراض کے لیے سادہ لوح شہریوں کو ڈھال بنایا اور قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔ 

مقامی افراد کے مطابق غیر ملکی ایجنڈے اور بیرونی فنڈنگ پر کام کرنے والے گروہوں کا چہرہ اب عوام کے سامنے مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے، اور آئینی عمل و قانون سازی کی راہ میں رکاوٹ ڈال کر ذاتی مفادات سمیٹنے کی کوششیں اب مزید نہیں چل سکتیں۔ 

آزاد کشمیر کے محب وطن شہریوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ امن، قانون کی بالادستی اور آئینی استحکام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top