پشاور: مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی کی خصوصی ہدایت پر محکمہ صحت نے عید الفطر سے قبل پارا چنار کے ڈی ایچ کیو اسپتال کے لیے ادویات کی ایک اور بڑی کھیپ روانہ کر دی ہے۔
صوبائی ایئر ایمبولینس کے ذریعے روانہ کی جانے والی اس امدادی کھیپ میں چار ہزار کلوگرام وزنی ادویات شامل ہیں، جنہیں دو پروازوں کے ذریعے پشاور سے پارا چنار منتقل کیا گیا۔ اس دوران 100 سے زائد مسافروں کو بھی پشاور سے پارا چنار اور پارا چنار سے پشاور منتقل کیا گیا۔
مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ عید سے قبل ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کھیپ میں نہ صرف ایمرجنسی ادویات شامل ہیں بلکہ مریضوں اور دیگر مسافروں کے لیے بھی خصوصی منتقلی کی سہولت فراہم کی گئی تاکہ وہ عید اپنے گھروں میں گزار سکیں۔
مشیر صحت نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کو کرم کے علاقے کی صورتحال کا بخوبی ادراک ہے، اور محکمہ صحت ہنگامی بنیادوں پر خدمات فراہم کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں وفاقی وزیر صحت کا صوبائی مشیر صحت سے رابطہ، مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق
عید کے موقع پر ہونے والی ممکنہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمرجنسی ادویات کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ مریضوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
احتشام علی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کی صحت اور سہولت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے، اور محکمہ صحت کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے پوری طرح مستعد ہے۔ ان اقدامات سے نہ صرف مقامی افراد کو سہولت ملے گی بلکہ عید کے دنوں میں علاج کی سہولت بھی برقرار رکھی جائے گی۔