خیبرپختونخوا میں ڈینگی بے قابو، چارسدہ سب سے زیادہ متاثر

خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کی وبا نے تشویشناک صورت اختیار کر لی ہے، صوبے بھر میں 787 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

چارسدہ کو سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ قرار دیا گیا ہے جہاں ڈینگی کے 721 کیسز سامنے آئے ہیں، رجڑ اور ایم سی ون کو ڈینگی کے ہاٹ سپاٹ سمجھا جا رہا ہے۔

ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محکمہ صحت نے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں، مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی کی خصوصی ہدایت پر چارسدہ میں ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔

ڈی ایچ او چارسدہ نے ڈینگی ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کر کے بروقت سپرے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے ،پانچ میڈیکل اینٹامولوجسٹ کی خدمات ڈی ایچ او چارسدہ کو سپرد کر دی گئی ہیں ۔

حکام سے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں کے آس پاس پانی جمع نہ ہونے دیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: بارشوں کے بعد خیبرپختونخوا میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ، حکومت متحرک

محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوامی تعاون اس وبا سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور ہر فرد کو اپنی ذمہ داری سمجھ کر احتیاطی اقدامات کرنا ہوں گے۔

Scroll to Top