ڈیرہ اسماعیل خان: ذاتی دشمنی پر تین خواتین قتل، ملزمان فرار

ڈیرہ اسماعیل خان کے گاؤں رمک میں ذاتی دشمنی کے نتیجے میں تین خواتین کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، ملزمان گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔

واقعے کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان پہلے بھی ایک خاتون کے قتل کا واقعہ پیش آ چکا ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں تینوں خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جن کی لاشیں تحصیل پروا ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق، مقتول خواتین کے لواحقین کی ابتدائی رپورٹ اور تفتیش میں تین ملزمان ہارون، یونس اور صدیق کو نامزد کیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے فائرنگ کے سات خول برآمد ہوئے ہیں۔

واقعے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

Scroll to Top