پشاور ۔ سی سی پی او پشاور قاسم علی خان اور ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد نے ملک سعد شہید پولیس لائن میں پشاور کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام کے نمائندہ وفود سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں کا مقصد شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا، مذہبی رہنماؤں اور عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر معروف علماء کرام جیسے مولانا امان اللہ حقانی، مولانا عبدالروف جان، مولانا سید والعارفین، مولانا شیخ امین اللہ الپشاوری، مولانا شیخ عبد اللہ سلفی، مولانا جہانزیب زاہد، مولانا حسین احمد مدنی ایڈووکیٹ، مولانا عبدالکریم، شیخ نقیب اللہ اور دیگر نے شرکت کی، اس موقع پر مولانا پیر الیاس فدا حقانی، مولانا عبد الرحمن فاروقی، اور مولانا حسین احمد بھی موجود تھے۔
سی سی پی او قاسم علی خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پشاور پولیس علماء کرام، عبادت گاہوں اور عوام کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پشاور پولیس بلا تفریق مذہب، رنگ و نسل، تمام اقلیتوں اور مذہبی رہنماؤں کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مردان: پولیس ناکہ بندی کے دوران فائرنگ، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد نے بھی اس موقع پر امن و امان کے قیام میں علماء کرام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور ان کے کردار کو سراہا۔
علماء کرام نے بھی اس موقع پر پولیس کے کردار کی تعریف کی اور امن کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور معاشرے میں مثبت رویوں کی ترویج کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے چند تجاویز بھی پیش کیں اور کہا کہ مختلف مذاہب کے درمیان تعاون اور افہام و تفہیم کے فروغ سے ہی ایک پرامن معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے۔