میٹرک امتحان : پرچہ آؤٹ ہونے پر نوشہرہ خیشگی بالا کے امتحانی مرکز کا عملہ معطل

مردان: جماعت نہم کا اسلامیات کا پرچہ سوشل میڈیا پر آؤٹ ہونے کے بعد چیئرمین مردان بورڈ پروفیسر جہانزیب نے نوشہرہ کے خیشگی بالا امتحانی مرکز کے تمام عملے کو معطل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز جماعت نہم کا اسلامیات کا پرچہ شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے خیشگی بالا سینٹر کے سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور پانچ انویجیلیٹرز کو معطل کر دیا گیا۔

چیئرمین مردان بورڈ پروفیسر جہانزیب نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ایڈیشنل سیکرٹری شعیب خان نے پیغام بھیجا کہ کسی نے ایک پیپر کی تصویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی ہے۔ بعد ازاں موصول ہونے والے ایک اور پیغام سے اندازہ ہوا کہ پیپر آؤٹ کرنے میں ایک منظم گروہ ملوث ہے۔

پروفیسر جہانزیب نے وضاحت کی کہ پیپر شروع ہونے سے قبل لیک نہیں ہوا بلکہ پرچہ شروع ہونے کے بعد مخصوص سینٹر سے کسی نے تصویر لیک کر کے سوشل میڈیا پر پھیلائی۔ انہوں نے کہا کہ ہر پرچے پر ایک مخصوص کوڈ درج ہوتا ہے جس سے آسانی سے یہ پتہ لگایا جا سکتا ہے کہ پیپر کس سینٹر سے آؤٹ ہوا ہے، اور بورڈ نے متعلقہ سینٹر کا سراغ لگا لیا ہے۔

چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ واقعے کی مکمل انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور ملوث افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

Scroll to Top