پشاور۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں مائنز اینڈ منرلز بل 2025 پر دی جانے والی بریفنگ اس وقت شدید ہنگامہ آرائی کا شکار ہو گئی جب اے این پی کے رکن نثار باز اور پی ٹی آئی کے مینا خان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
نثار باز نے حکومتی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “ایک طرف اسٹبلشمنٹ کے خلاف بیانات دیے جاتے ہیں، دوسری طرف دباؤ میں آکر بل پاس کیا جا رہا ہے۔” اس پر مینا خان نے سخت جواب دیتے ہوئے کہا، “بیٹھ جاؤ، تمہاری حیثیت ہمیں معلوم ہے۔”
اس تلخ کلامی کے باعث بریفنگ کچھ دیر کے لیے روک دی گئی، جبکہ اپوزیشن ارکان نے نثار باز کو ان کی نشست پر بٹھا کر ماحول کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے انور زیب نے بل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا، “جب اس بل پر بانی پی ٹی آئی کی رائے نہیں لی گئی تو میں یہ بریفنگ کیوں سنوں؟” ان کے مطالبے پر 20 سے زائد پی ٹی آئی ارکان نے بریفنگ کا واک آؤٹ کر دیا۔
اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم نے بریفنگ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ارکان کو 2017 کے ایکٹ اور مجوزہ 2025 بل کا موازنہ فراہم کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث ابہام اور تناؤ پیدا ہوا۔
ہنگامہ آرائی کے باعث بریفنگ کو ایک ہفتے کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ مذکورہ قانون سازی پر بریفنگ کی سوموار 21 اپریل کو ہوگی۔
